عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وہ تیس اگست تک سیاست سے دور ہیں ، مذاکرات کا وقت چلا گیا ہے، مسائل حل نہیں ہو رہے۔
نمازِ عید کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ بجٹ میں کھربوں کے ٹیکس لگا دیئے گئے، 24 کروڑ عوام کو بجلی کی تار پر لٹکا دیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے صنعتکاروں کو سہولت دی، ملک کھڈے میں چلا گیا ہے، میرے سیاسی تجزیہ کے مطابق ان کو چاپلوسی کرنے والا وزیراعظم چاہیے، ادارے تمام لوگوں کو ایک جگہ بٹھائیں۔
بعد ازاں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے عیدِ الاضحیٰ کے موقع پر لال حویلی میں دو اونٹ اللّٰہ کی راہ میں قربان کیے۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر موجود شیخ رشید کے آفیشل اکاؤنٹ پر اونٹوں کی قربانی کرتے ہوئے ان کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے۔
اُنہیں اس ویڈیو میں قصائیوں کے ساتھ مل کر اونٹ کو قربانی کے لیے زمین پر گراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ارد گرد لوگوں کا ہجوم بھی جمع نظر آ رہا ہے۔