0

وزیراعظم شہباز شریف جون میں چار روزہ دورے پر چین جائیں گے

وزیراعظم شہباز شریف اگلے ماہ جون میں چین کے چار روزہ دورے پر بیجنگ پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کا شیڈول حتمی مراحل میں ہے۔ حتمی تاریخوں کا تعین کرلیا گیا ہے، جلد ہی چار روزہ دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف جون کے پہلے ہفتے میں اپنے چار روزہ دورے پر بیجنگ جائیں گے۔ ان کا یہ دورہ چار سے سات جون تک جاری رہے گا۔شہباز شریف کا وزیراعظم بننے کے بعد چین کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔

اعلیٰ سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس دورے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور امکان ہے کہ ان کے اس دورے میں تاجروں کا ایک بڑا وفد بھی ان کے ساتھ ہوگا۔وزیراعظم کواس دورے کی دعوت چینی صدر ژی جنگ پنگ نے دی تھی۔

خیال رہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار پہلے ہی اپنا پہلا چین کا چار روزہ دورہ کرکے وطن واپس آگئے ہیں۔ انہوں نے وہاں چینی قیادت کے ساتھ ثمرآور مذاکرات کیے اور پانچویں اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کی۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے چین کے ایگزیکٹو وائس وزیراعظم ڈن ژیوژنگ اور ہم منصب وانگ یی سے بھی ملاقات کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply