پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 اپریل 2024 کو شمالی وزیرستان کے ضلع غلام خان کے علاقے اسپنکئی میں سات دہشت گردوں پر مشتمل گروپ نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔
بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا اور اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں ساتوں دہشت گرد مارے گئے۔
مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف موثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے اور توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال نہیں ہونے دے دگی۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔