پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بے ساکھیوں پر بنی فارم 47 کی حکومت نے پہلے بجلی اور اب پٹرول مہنگا کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے کہا تھا بجلی 85 روپے فی یونٹ تک جائے گی لیکن آج بتا رہے ہیں کہ بجلی 100 روپے فی یونٹ تک جائے گی۔
عمر ایوب نے کہا کہ پٹرول بم جو گرایا گیا ہے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) معاہدے کے تحت پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی لگائی جائے گی۔ 31 دسمبر تک 870 ارب روپے کا آئی ایم ایف کا ٹارگٹ پورا کرنا ہے اور یہ لوگ ڈنڈی مار کر 30 جون تک 970 ارب روپے جمع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 15 روز بعد یہ دوبارہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں گے اور یہ ٹارگٹ سے زیادہ جمع کرنے کے والے جیب کترے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ براہ راست ٹیکس سے کم ہوتا کاروبار مزید سکڑ رہا ہے اور بے روزگاری عروج پر جا رہی ہے۔ فارم 47 کی پیداوار پنجاب حکومت نے 16 روپے کی روٹی شروع کی۔ نادان لوگوں کو گورننس کا کچھ بھی نہیں پتا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یا دور دراز کے کسی تندور پر جا کر روٹی کی قیمت پوچھیں آپ کو روٹی 16 روپے اور نان 20 روپے میں مل ہی نہیں سکتا۔
یہ بھی پڑھیں:
سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری پر عمر ایوب نے کہا کہ سعودی وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے سب افراد کو ہی خوش آمدید کہیں گے۔ جس ملک میں آپ سرمایہ کاری کے لیے جائیں وہاں آئین و قانون کی بالادستی کو دیکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جس ملک کے ججز خط لکھیں کہ خفیہ اداروں کی مداخلت ہے وہاں سرمایہ کار آتے ہوئے دس بار سوچتا ہے۔ بہاولنگر واقعہ پر کسی جج کی سربراہی میں انکوائری کمیشن بنا کر واقعے کی تحقیقات کروائی جائیں۔