پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے ہم نیوز کے پروگرام “فیصلہ آپ کا عاصمہ شیرازی کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعت کے پاس سب سے بڑا ہتھیار عوام ہیں۔ عوام اس وقت کسی جماعت کے پاس ہیں تو وہ تحریک انصاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے عندیہ دیا تھا کہ عید کے بعد نکلیں گے اور اب نکل رہے ہیں۔ میں پرامید ہوں بڑی عید سے پہلے سابق چیئرمین پی ٹی آئی باہر نکلیں گے کیونکہ ان کے خلاف سارے مقدمات غلط ہیں اور ان میں دم نہیں۔ بینظیر بھٹو پوری قوم کو اکٹھا کر سکتی تھیں اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی بھی پورے ملک کو اکٹھا کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
علی محمد خان نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کوئی فرشتہ نہیں ان سے بھی غلطی ہوسکتی ہے۔ وہ حکومت میں آنے کے لیے کمپرومائز نہیں کریں گے۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومت بنا سکتے تھے لیکن ہم نے نہیں بنائی اور پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومت بناتے تو سابق چیئرمین پی ٹی آئی باہر ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ساتھ میں بات چیت کے حق میں ہوں۔ بات کرنے اور ساتھ مل کر حکومت بنانے میں بڑا فرق ہے۔ ہم اپنے بیانیے پر کسی بھی سیاسی جماعت سے بات کرنے کو تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن سابق چیئرمین اب اپنے نظریئے پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
کرپشن سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے سابق چیئرمین کو کرپشن سے نفرت کرتے دیکھا ہے اور علی امین گنڈاپور سے میں نے کہا کہ صوبے میں کوئی کرپشن نہیں ہونے چاہیئے۔
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ پارٹی میں اختلافات نہیں کیونکہ پی ٹی آئی میں ہر طرح کی سوچ کے لوگ ہیں۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر کوئی نااتفاقی نہیں۔ سائفر کیس میں کچھ بھی نہیں اور مجھ پر مچھلیوں کا کیس بھی بنایا گیا۔