تربوز کے بیج اکثر پھینک دیے جاتے ہیں لیکن اگر آپ کو ان کی افادیت کا علم ہوجائے تو آپ یہ غلطی دوبارہ نہیں کریں گے بلکہ ان سے پوری طرح مستفید ہوں گے۔
ویسے تو ماہ رمضان کے آخری ایام میں بازاروں میں تربوز دستیاب ہونا شروع ہوگیا تھا، جو اب بھرپور طریقے سے موجود ہے اور سب کا پسندیدہ پھل بھی ہے۔
اس بار جب آپ پیاس بجھانے کے لیے رس دار تربوز کھا رہے ہوں تو اس کے اندر کالے اور بھورے رنگ کے بیج تھوکنے سے قبل ان کے فوائد کے بارے میں معلومات ضرور حاصل کریں۔
تربوز کے بیج جو اکثر تقریباً اس کی میٹھی اور رس دار حس کو بدمزہ کر دیتے ہیں لیکن یہ مت بھولیے کہ یہ بیج غذائیت اور وٹامنز کا بھرپور خزانہ ہیں۔
تربوز کے بیج میں پروٹین، وٹامن ڈی، میگنیشیم، مونو ان سیچوریٹڈ چکنائی اور پولی ان سیچوریٹڈ چکنائی پائی جاتی ہے اور یہ کولیسٹرول اور خون کی نالیوں کی سوزش کے خاتمے کے لئے انتہائی مفید ہیں۔
یہ بیج فالج اور ہارٹ اٹیک سے بچنے کے لئے بھی طاقت فراہم کرتے ہیں۔ ایک اونس (تقریباً ایک کپ کا آٹھواں حصہ) تربوز کے بیج میں 10 گرام پروٹین پائی جاتی ہے جبکہ اس کے برعکس باداموں کی اسی مقدار میں چھ گرام پروٹین پائی جاتی ہے۔
اگرچہ یہ بیج کیلوریز میں زیادہ ہیں، لہٰذا آپ کو اپنے وزن کے حساب سے تربوز کے بیج کھانے کا اتنخاب کرنا چاہیے کیونکہ ایک کپ بُھنے ہوئے تربوز کے بیجوں میں تقریباً 600 کیلوریز ہوتی ہیں۔
بیج کھانے کا طریقہ جانیے :
تربوز کے بیج سے شاندار فوائد حاصل کرنے کے لئے آپ کو انہیں کھانے کا درست طریقہ بھی معلوم ہونا چاہیے۔ بیجوں کو پھل میں سے براہ راست کھانے کی بجائے انہیں سپراﺅٹ کریں (یعنی جب بیج میں سے ننھی کونپل پھوٹ نکلے) اور ان کے چھلکے اتاردیں۔ پھوٹتے ہوئے بیجوں کو کھانے سے ہی اصل فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔
تربوز کے بیجوں کے فوائد کیا ہیں؟
جِلد کیلئے مفید:
بُھنے ہوئے تربوز کے بیجوں کا ناشتہ کرنا آپ کی جِلد کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ مہاسوں کے پھیلنے سے روکتا ہے، آپ کی جِلد کو نمی بخشتا ہے اور عمر بڑھنے کی ابتدائی علامات کو بھی روکتا ہے۔
بلڈ پریشر کم کرنے میں کارآمد
تربوز کے بیجوں میں موجود ہائی میگنیشیم ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے اور اس عمل کے دوران دل کی صحت بہت بہتر بناتا ہے۔ مزید برآں، یہ بلڈ پریشر کو معتدل رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں، جو دل کی صحت کو مزید بہتر بناتے ہیں۔
ہڈیوں کی مضبوطی
تربوز کے بیجوں میں موجود مواد کا امتزاج ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے علاوہ جسم کی نشوونما میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔
تربوز کے استعمال سے پیدا ہونے والے ایسڈ جسم کے دیگر افعال کے علاوہ خون میں شکر کی سطح کو بھی معتدل رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
بالوں کی بہترین نشونما کیلئے انتہائی مفید
تربوز کے بیج بالوں کو مضبوط بنانے اور جلد کو میں خوبصورت بنانے میں مدد کرتے ہیں۔ آپ کو بازار سے تربوز کے بیج کا تیل بھی مل سکتا ہے۔ اس کا استعمال جلد کی مالش اور نمی کے لیے کیا جاسکتا ہے۔ اسے بالوں کی نشوونما کے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔