پاکستان کے سب سے دراز قامت شخص، نصیر سومرو انتقال کرگئے ہیں۔
بھائی ریاض سومرو کے مطابق 55 سالہ نصیر سومرو کئی ماہ سے پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان کا گھر میں علاج جاری تھا، ان کی نماز جنازہ شکار پور میں کل صبح ادا کی جائے گی۔
نصیر سومرو کا قد 7 فٹ 9 انچ تھا اور ان کا شمار دنیا کے طویل القامت افراد میں کیا جاتا تھا، دراز قد کی وجہ سے نصیر سومرو کو پی آئی اے نے ملازمت بھی دے رکھی تھی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے سب سے دراز قامت شخص، نصیر سومرو کے انتقال پر افسوس کا اظہارکیا ہے ۔
وزیرِ اعظم نے مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی اور کہا اللہ تعالی نصیر سومرو کے درجات بلند کرے۔
دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم کی ہمدردیاں نصیر سومرو کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں،اللہ تعالی مرحوم نصیر سومرو کے اہل خانہ کو صبر عطا کرے۔