0

سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب کے شہری علاقوں میں بارشوں سے سیلابی صورتحال کے متوقع خطرے سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کے پیش نظر کہا کہ 25 اگست تک مون سون کے متوقع شدید اسپیل کی ڈیش بورڈ سے خود نگرانی کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز، ریسکیو و ریلیف کے ادارے، دریائے چناب کے کیچمنٹ ایریا اور بارشوں سے سیلابی صورتحال کے خطرے سے دوچار شہروں میں عوام کی حفاظت کے لیے ہر دم تیار رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 

شہباز شریف نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں لوگوں کے انخلا و ریسکیو، نکاسی آب، ادویات، خیمے و دیگر امدادی اشیا کی ترسیل کے لیے مکمل تیاری یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں و سیلابی صورتحال سے متوقع طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں شہریوں کو صورتحال سے مکمل آگاہ رکھا جائے۔ نہروں، ندی نالوں اور دریا کے گرد متوقع سیلابی ریلوں کو روکنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ شہریوں کو ہر پل صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے این ڈی ایم اے کی ڈیزاسٹر الرٹ ایپلی کیشن کے بارے میں آگاہی پہنچے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply