آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق مساجد، امام بارگاہوں اور نمازِ عید کے اجتماعات کے لیے سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت 26ہزار 500مساجد، امام بارگاہوں، 900کھلے عید کے اجتماعات پر 40ہزار اہلکار تعینات ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور میں نمازِ عید کے 5ہزار سے زائد اجتماعات کی سیکیورٹی پر 6ہزار اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ 498اسپیشل پولیس، 260کیو آر ایف ٹیمیں بھی سیکیورٹی پر تعینات ہوں گی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ 227مویشی منڈیوں کی سیکیورٹی کے فرائض 3ہزار اہلکار انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے محکمہ داخلہ کے ایس او پیز پر عمل درآمد کروایا جائے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی کا عمل مزید مثر بنایا جائے، مساجد اور امام بارگاہوں کی چھتوں پر اسنائپرز اور سادہ لباس میں کمانڈوز کو تعینات کیا جائے۔
انہوں نے عید کی تعطیلات کے دوران پارکوں اور تفریحی مقامات کی سیکیورٹی کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے کا بھی حکم دیا۔