اسکردو میں واقع اسپنٹک کی چوٹی پر مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہونے والے ایک جاپانی کوہ پیما کی لاش مل گئی۔
ڈپٹی کمشنر شگر ولی اللہ فلاحی کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران لاپتا جاپانی کوہ پیماؤں میں سے ایک کی لاش برآمد ہوگئی۔ لاش کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دوسرے کوہ پیما کی تلاش جاری ہے۔
ولی اللہ فلاحی کا کہنا ہے کہ دونوں جاپانی کوہ پیما اسپنٹک کی چوٹی پر مہم جوئی کے لیے گئے تھے۔ یہ کوہ پیما کیمپ 2 سے نیچے گرے جنہیں ممکنہ طور پر مہم جوئی کے دوران حادثہ پیش آیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز 7 ہزار میٹر بلند چوٹی اسپانٹک پر مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہونے والے جاپانی کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے پاک آرمی نے ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ جس کے ذریعے لاپتہ کوہ پیماؤں کی 5 ہزار میٹر کی بلندی پر موجودگی کی نشاندہی ہوئی تھی۔
ایڈونچر ٹورز پاکستان کے سی ای او نیک نام کریم کے مطابق جاپانیوں کوہ پیماؤں کو ان کے کپڑوں سے شناخت کیا گیا تھا۔