میڈیارپورٹ کے مطابق منڈی بہاالدین کی تحصیل ملکوال میں ایک کشتی الٹ گئی، کشتی مسافروں کو لے کر پیراں والا سے نور پور پیراں جارہی تھی جس میں 30 افراد سوار تھے۔ کشتی میں موٹر سائیکل اور گاڑی کو دریا پار کرنے کے دوران حادثہ پیش آیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق گاڑی کو کشتی پر رکھ کر دریا عبور کرنے کے دوران حادثہ پیش آیا، حادثے میں جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافروں کو بچانے کے لیے آپریشن جاری ہے، اب تک ماں اور 4 بچوں کے علاوہ ایک اور خاتون کی لاشیں دریا سے نکال لی گئی ہیں جب کہ کشتی پر کار، موٹرسائکلیں اور دیگر سامان لوڈ تھا۔
حادثے میں جاں بحق افراد کا تعلق پیراں والا ضلع جہلم سے بتایا جاتا ہے، مرنے والی خواتین کی عمریں 40 اور50 جبکہ بچوں کی 2 سے 8 سال ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 7 افراد کو تشویشناک حالت میں ملکوال اسپتال منتقل کیا گیا۔