ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے دورہ آزاد کشمیر کے دوران نیلم جہلم پروجیکٹ کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کو آزاد کشمیر میں حال ہی میں ہونے والے احتجاج اور مظاہروں کے دوران پہنچنے والے نقصان پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔
اس موقع پر شہباز شریف مظفر آباد میں آزاد کشمیر کے سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں آزاد کشمیر کی گزشتہ دنوں کی صورتحال پر گفتگو کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی اس کے علاوہ اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ 3 روز سے آزاد کشمیر میں سستی بجلی اور سستے آٹے کی فراہمی کے لیے جاری احتجاج ختم کردیا گیا۔ احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین اور پولیس آمنے سامنے آگئے تھے جس کے نتیجے میں 1 پولیس اہلکار جاں بحق اور 90 دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔
ہڑتال اور احتجاج کی وجہ سے آزاد کشمیر بھر میں تمام کاروباری مراکز، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہے تھے۔