اسلام آباد(شہزاد پراچہ) کچے کے ڈاکوئوں نے مبینہ طور پر ایف بی آر کے گریڈ 18 کے افسر کو اغوا کر لیا۔
تفصیل کے مطابق تھانہ آر اے بازار راولپنڈی نے ایف بی آر کے گریڈ 18 کے افسر رحمت اللہ خان کے عزیز کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر لی۔
ایف آئی آر کے مطابق رحمت اللہ خان ایف بی آر میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کر رہا ہے 12اپریل کو ساڑھے 11 بجے گھر میں بتا کر نکلا کہ وہ اپنے دوستوں کو عید ملنے جا رہے ہیں شام کو واپس آ جائوں گا جو انتظار کے باوجود واپس نہ آیا ،خدشہ ہے کہ اس کو اغوا کر لیا گیا ہے ۔
رحمت اللہ خان کے فیملی ذرائع کے مطابق اس کو مبینہ طور پر کچے کے ڈاکوئوں نے اغوا کیا ہے کیونکہ اغوا کاروں نے فون کر کے گھر والوں سے 10 کروڑ روپے کا تاوان مانگا ہے، ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر نے افسر کی بازیابی کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔