0

وزیر اعظم سے سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

وزیراعظم شہبازشریف سے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلی سطح وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔

سعودی وزیر خارجہ وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچے جہاں وزیرِ اعظم شہبازشریف نے ان کا استقبال کیا، شہبازشریف کے ہمراہ وزیرخارجہ اور دیگر کابینہ ارکان بھی موجود تھے۔

وزیراعظم اور سعودی وزیرخارجہ کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر بھی بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا، مزید طے پایا کہ پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے پلیٹ فارم سے کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

سعودی وزیرخارجہ نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے سعودی عرب کے کلیدی کردار کی یقین دہانی کرائی ، اس کے علاوہ علاقائی سلامتی اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کیلئے مربوط کوششوں پر زور دیا۔

یاد رہے کہ سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی سے بھی ملاقات کریں گے جس میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دیئے جانے کا قوی امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply