ڈاکٹر مختار نے ہیلتھ کیئر کی فراہمی کو بڑھانے اور تمام شہریوں کیلئے معیاری خدمات کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت کے عزم پر زور دیا۔ وزیراعظم کے کوآرڈنیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد نے وفاقی سیکرٹری برائے صحت افتخار علی شلوانی کے ہمراہ پمز ہسپتال کا دورہ کیا اور فراہم کی جانیوالی خدمات کا جائز ہ لیا۔
ڈاکٹر مختار نے پمز انتظامیہ کے سینئر حکام کے ہمراہ او پی ڈی،سرجیکل یونٹس اور تشخیصی سہولیات سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر ملک مختار احمد نے کہا کہ اس وزٹ کا مقصد ہسپتال کو درپیش آپریشنل چیلنجز کے بارے میں جاننا اور بہتری کے لیے شعبوں کی نشاندہی کرنا تھا۔
دورے کے دوران ڈاکٹر ملک مختار احمد نے پمز میں ایوننگ آؤ ٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کیا،اس موقع پر اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ عوام کو فراہمی صحت کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں یہ ایک اہم سنگ میل ہے جس کا مقصد علاج و معالجے کی رسائی کو معمول کے اوقات کار سے آگے بڑھانا ہے۔
شام کی او پی ڈی ان مریضوں کو سہولت فراہم کرے گی جو کام یا دیگر مصروفیات کی وجہ سے دن کے وقت ہسپتال جانے سے قاصر ہیں۔ڈاکٹر ملک مختار احمد نے پمز کی طرف سے فراہم کی جانے والی صحت کی خدمات بشمول پیشنٹ کئیر، انفراسٹرکچر، طبی آلات، اور عملے کی صلاحیت کے معیار کا جائزہ بھی لیا۔