وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نادرا کی ویب سائٹ کل سے بند کی جا رہی ہے ، نادرا موبائل ایپ لانچ کرنے اور 3 نئے ریجنل دفاتر قائم کئے جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ 3 نئے ریجنل سینٹر آزاد جموں و کشمیر، گوادر اور گلگت بلتستان میں بنائے جائیں گے، نئے ریجنل دفاتر 31 مارچ سے کام شروع کر دیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کر کے تمام خدمات موبائل ایپ پر فراہم کی جائیں گی، ویب سائٹ کے استعمال میں شہریوں بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مشکلات پیش آتی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جعلساز عناصر جعلی ویب سائٹس کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوانے میں معاونت کا کاروبار کر رہے تھے۔ شہریوں کی ذاتی معلومات حاصل کرکے ان کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کی جاتی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ نے جعلساز عناصر کا سختی سے نوٹس لیا، نادرا دیگر اداروں کے ساتھ ملکر ساتھ ان عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنا رہا ہے۔









