گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مختلف ممالک کے سفارتکاروں سمیت دیگر شخصیات کو اہم خدمات پر ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگریوں سے نواز دیا۔
گورنر ہاؤس کراچی میں جناح یونیورسٹی فار ویمن کے خصوصی کانووکیشن میں کامیاب سفارتکاری اور ترقی کے حصول میں کردار ادا کرنے اور مختلف شعبوں میں اہم خدمات پر ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگریاں دی گئیں۔
ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرنے والوں میں ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان، قونصل جنرل بحرین عبد اللہ احمد بوقہوس بھی شامل تھے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ کامیاب سفارت کاری اور ترقی کے حصول میں ان شخصیات کی غیر متزلزل کاوشیں لائق تعریف ہیں۔
علاوہ ازیں کامران ٹیسوری نے سفارتکاری کے علاوہ دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی دیگر شخصیات کو بھی جناح یونیورسٹی فار ویمن کے خصوصی کانووکیشن میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگریوں سے نوازا۔
خصوصی کانووکیشن میں فرحان حنیف، ارشد ولی محمد، اکرم خاتون، حاجی حنیف طیب اور ندیم سرور کو بھی ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی گئی۔