قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے اراکین قومی اسمبلی کو جبکہ سینیٹ میں ن لیگ کے پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی نے ن لیگ کے سینیٹرز کو مراسلہ بھیجا ہے۔
مراسلے میں ن لیگ کے تمام ارکان کو آج ایوان میں حاضر رہنے اور آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ ڈالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مسلم لیگ ن کے تمام ممبران کے لیے آئینی ترمیم میں ووٹ ڈالنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کوئی بھی رکن ووٹ ڈالنے سے اجتناب نہ کرے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اہم اجلاس آج شیڈول ہیں جس میں وفاقی حکومت کی طرف سے آئینی ترمیم لانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے ترمیم کی مخالفت کا اعلان کر رکھا ہے۔
قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت کے لیے 224 ووٹ درکار ہوں گے جبکہ حکومتی گنتی 211 ہے۔ اسی طرح سینیٹ میں 64 ووٹ درکار ہوں گے جبکہ حکومتی گنتی 54 ووٹ موجود ہیں۔