بلوچ ریپبلکن آرمی کے 2 اہم دہشت گردوں کی خفیہ فون کال میں دونوں دہشت گرد براہمداغ بگٹی اور ماہ رنگ بلوچ کے دھرنوں کے حوالے سے بات چیت کر رہے ہیں۔ بات چیت کے دوران ایک دہشت گرد،دوسرے دہشت گرد سے کہہ رہا ہے کہ میں واٹس ایپ کے نیٹ ورک پر گیا ہوں، سردار صاحب کے ساتھ رابطہ کیا ہے۔
گفتگو میں دہشت گرد سبزال کہتا ہے کہ دھرنا جاری ہے، ماہ رنگ کے اس دھرنے میں ہمارا علی نواز خوش نہیں ہے کیونکہ وہ گروپوں میں غلط باتیں کر رہا ہے۔ براہمداغ بادشاہ آدمی ہے وہ اس کو کچھ نہیں کر رہا ہے۔دہشت گرد لغاری چندرزئی نے کہا کہ براہمداغ نے خود تو ان دھرنے والوں کے اوپر ظلم ہونے پر مذمت کی ہے۔
دہشت گرد سبزال نے کہا کہ ان کا مجھے پتا ہے جب اسلام آباد میں ان کا دھرنا ہوا تھا تو سردار برہمداغ نے 50 سے 70 لاکھ روپے ان کو دئیے تھے۔دہشت گرد سبزال نے مزید کہا کہ مجھے یہ بات ریاض گل نے بتائی تھی۔ وہ لوگ بلوچوں کی خاطر یہ دھرنے اور جلوس کر رہے ہیں، علی نواز کو کیا تکلیف ہے۔ اس دفعہ ڈاکٹر ماہ رنگ کچھ نہ کچھ کرے گی۔
دہشت گرد لغاری چندرزئی نے کہا کہ ہاں وہ کوئی طریقہ کرے گی اگر بلوچوں نے اس کی بات مانی ہے۔دہشت گرد سبزال نے کہا کہ وہ اس کی بات مان لیں گے کیوں کہ وہ بشیر زیب اور ڈاکٹر اللہ نذر کی بات چل رہی ہے۔ ملک میں زیادہ تبدیلی جلسے جلوس سے آتی ہے۔ پولیس اور وہ 5 خاص آدمیوں کو ہم معاف نہیں کریں گے۔
دہشت گرد لغاری چندرزئی نے کہا کہ پولیس والا بیان میں نے نہیں سنا تھا۔ جس پر دہشت گرد سبزال نے کہا کہ پولیس والا بیان کل آیا تھا۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں دہشتگردوں کی آڈیو کال نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے راجی مچی اور اسلام آباد والے دھرنے کے پورے بیانیے کی حقیقت واضح کر دی ہے۔ کال میں بشیر زیب اور ڈاکٹر اللہ نذر کا دھرنے کی بات چیت سے تعلق اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ دھرنے کو بلوچ دہشت گردوں کی کھلی پشت پناہی حاصل ہے۔
دفاعی ماہرین نے کہا کہ کال میں ماہ رنگ بلوچ کے اسلام آباد والے دھرنے کے لیے بی آر اے کے براہمداغ بگٹی کی طرف سے 50 سے 70 لاکھ روپے دینے کا انکشاف یہ بات ثابت کرتا ہے کہ ماہ رنگ اِن ملک دشمن عناصر کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
آڈیو کال نے ماہ رنگ بلوچ کی دہشتگردوں کے لیے سہولت کاری اور اصلی ایجنڈے کو بھی بے نقاب کر دیا ہے۔ کال اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ملک میں جاری دہشتگردانہ کارروائیوں کی سہولت کاری اندرون اور بیرون ملک بیٹھے ماسٹر مائنڈ کر رہے ہیں۔