ایم کیو ایم پاکستان نے پی ٹی آئی پر حکومت کے پابندی کے فیصلے پرموقف دینے سے گریز کیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے سے قبل ایم کیو ایم پاکستان کو حکومت نے اعتماد میں لیا اور نہ ہی مشاورت کی۔ذرائع ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ آج کل چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول علاج کے سلسلے میں بیرونِ ملک ہیں۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ قابل مذمت ہے، ماضی میں جو کام ڈکٹیٹر کرتے تھے اب سیاسی جماعتیں کررہی ہیں۔
پی ٹی آئی پر پابندی کے حکومتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے منعم ظفر نے کہا جمہوریت میں ان پابندیوں کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی، اصل اہمیت عوام کی رائے کی ہے۔
منعم ظفر نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت تسلیم کرے اور غیرجمہوری فیصلوں سے باز رہے، پاکستان کو اس وقت استحکام کی ضرورت ہے نہ کہ عدم استحکام کی۔