0

بحیرہ عرب کی نم ہوائیں ملک میں داخل ہونے کا امکان، معمول سے زیادہ بارشوں کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بحیرہ عرب کی نم ہوائیں ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے مون سون کی آؤٹ لک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بالائی پنجاب اورزیریں سندھ میں زیادہ بارشیں ہونے کی توقع ہے، بلوچستان میں معمول سے کچھ زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہری علاقوں میں مون سون بارشوں کی وجہ سے اربن فلڈنگ جبکہ ہندوکش، کوہ سلیمان اور کیرتھر کے پہاڑی سلسلوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے 18 جون سے بارشوں کی پیش گوئی کی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے نم ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے تحت 18 سے 22 جون کے دوران گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

16 سے 18 جون کے دوران کے پی میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، 18 جون سے 22 جون کے دوران چترال اور ایبٹ آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

16سے 18 جون کے دوران بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا جبکہ 18 سے 22 جون کے درمیان اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات میں آندھی اور بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

20سے 22 جون کے دوران بہاولپور، ملتان اور خانیوال میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے،17سے 20 جون تک سندھ کے بیشتر علاقوں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔

21 سے 22جون کے دوران سکھر اور جیکب آباد میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے،19سے 22 جون کے دوران شدید گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے،محکمہ موسمیات کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو گرمی کی لہر کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply