0

ملک کے مختلف علاقوں میں 16 تا 22 اپریل میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع

ملک کے مختلف علاقوں میں 16 تا 22 اپریل میں آندھی اورگرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں برف باری، لینڈسلائیڈ اور بلوچستان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے کابل، سوات اورپنجکوڑہ میں سیلاب کا امکان ہے ، دریائے کابل میں سیلابی صورتحال سے یکاگوند، نوشہرہ، چارسدہ اور پبی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

دریائے پنجکوڑہ میں طغیانی سے دیر، منڈا،شرینگل اور واری کے علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

جب کہ دریائے سوات میں ممکنہ سیلاب سے چار باغ،بحرین، بابوزئی،مٹا اور دیگر نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارش سے نشیبی علاقوں میں طغیانی ،پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

اس کے علاوہ بارش ، آندھی اور جھکڑ سے فصلوں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر تعمیرات کو بھی نقصان کا خدشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply