لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ کراچی میں امن کے معاملے پر آئی جی سندھ سے رابطے میں ہوں، جرائم پیشہ افراد کو کسی صورت کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کسی پر کیچڑ اچھالنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے، بہاولنگر واقعہ کو بڑا مسئلہ بنانے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے ماسڑمائنڈ افغانستان میں ہیں، پاکستان کو افغانستان سے ہونے والے دہشتگردی پر تحفظا ت ہیں ، افغانستان سے اس حوالے سے مسلسل بات کر رہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے کچھ واقعات میں بھارت ملوث ہے، بھارتی دہشتگرد سربجیت سنگھ پر حملے میں ملوث عامر تانبا پر فائرنگ کے واقعے میں بھارت کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت بہت زیادہ ہے ، ہماری میٹنگ بھی اوور بلنگ پر تھی ، ایف آئی اے لاہور نے اس حوالے سے بہت اچھا کام کیا ہے، لیسکو میں 83 کروڑ یونٹ اوور بلنگ ہوئے، افسوس کی بات ہے سرکاری دفاتر عام آدمی کو اوور بل کر رہے تھے، 300 یونٹ والے غریب کو بھی اوور بل کرکے زیادتی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ مہم نہیں رکے گی جب تک اووربلنگ ختم نہ ہو، پورے پاکستان میں اوور بلنگ سے متعلق کام شروع کریں گے۔