سندھ حکومت کی جانب سے نئے موٹر وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹ میں بارکوڈز سمیت جدید حفاظتی اقدامات کو شامل کیا گیا ہے۔ نئے وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا یکم دسمبر 2024 سے اطلاق ہو گیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے اقدامات کا مقصد روڈ سیفٹی کو یقینی بنانا اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنا ہے۔ سیکیورٹی فیچرز سے جعلی سرٹیفکیٹ کے اجرا کو روکنے میں مدد ملے گی۔ اور حکومتی آمدنی میں اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں موٹر وہیکل انسپکٹرز کے لیے تفصیلی ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں۔ اور محکمہ ٹرانسپورٹ نئے سرٹیفکیٹس کے اجرا کا اعلان کرے گا۔ اجرا کے بعد تمام پرانے فٹنس سرٹیفکیٹس کو مسترد شدہ قرار دے دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
شرجیل میمن نے کہا کہ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے فٹنس سرٹیفکیٹس کا مرکزی ڈیٹا بیس رکھا جائے گا۔ اور سیفٹی سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے ہائی وے اور موٹروے پولیس سے بھی مدد لی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دیگر اضلاع میں بھی فٹنس سرٹیفکیٹ کے لیے مختص جگہوں پر سہولت دی جا رہی ہے۔ اور مؤثر انتظام کے لیے کراچی کو 2 زون ایسٹ اور ویسٹ میں تقسیم کیا جائے گا۔