صنم جاوید کے وکیل علی اشفاق ایڈوکیٹ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر صنم جاوید کی دوبارہ گرفتاری کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ صنم جاوید کو ایک بار پھراسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پی ٹی آئی خاتون رہنما کے وکیل نے کہا کہ ہم نے بغیر مزاحمت صنم جاوید کو پولیس کے حوالے کیا۔ قبل ازیں عدالت نےصنم جاوید کو ایف آئی اے کے مقدمے سے ڈسچارج کر دیا ۔ ڈیوٹی مجسٹریٹ ملک عمران نے صنم جاوید کے ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سنا یا۔
عدالت نے صنم جاوید کے وکلا کی مقدمے سے ڈسچارج کی استدعا منظور کرلی،عدالت نے پی ٹی آئی رہنماصنم جاوید کو ایف آئی اے کے مقدمے سے ڈسچارج کردیا کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ایف آئی اے نے صنم جاوید کو ڈیوٹی مجسٹریٹ ملک عمران کی عدالت میں پیش کیا ، ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے صنم جاوید کے مزید 6روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی ۔
پی ٹی آئی خاتون رہنما کے وکیل میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ میری مؤکلہ کو بری کرچکی ہے، لاہور ہائیکورٹ نے لکھا ہے کہ صنم کیخلاف کوئی قانونی شہادت اور ثبوت نہیں۔ لیکن تاحال میری مؤکلہ کو ہر بار بری ہونے کے بعد گرفتار کر لیا جاتا ہے ۔
گزشتہ روزگوجرانوالہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ نے 3 روز قبل صنم جاوید کو 9 مئی کے مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ جس کے بعد ہفتے کو پی ٹی آئی رہنما کو سینٹرل جیل گوجرانوالہ سے رہا کیا تھا۔
صنم جاوید کی رہائی کے بعد ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس نے گوجرانوالہ میں سینٹرل جیل کے باہر سے صنم جاوید کو دوبارہ گرفتار کیا تھا۔