سندھ حکومت آج 3 ہزار ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش کرے گی۔ جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 سے 25 فیصد جبکہ پنشن میں 15 فیصد اضافے کا امکان ہے۔
صوبے کا ترقیاتی بجٹ نو سو ارب سے زائد رکھے جانے کی توقع ہے۔ بجٹ میں 12 ارب کی کراچی میگا اسکیمز شامل کی جائیں گی جبکہ نئی اسکیمز کے بجائے صوبائی ترقیاتی پروگرام میں نیا پورٹ فولیو متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی محصولات کی وصولی کا ہدف بڑھایا جائے گا اور مختلف محصولات کی شرح میں ردوبدل کی تجویز ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
صوبائی حکومت نے آئندہ مالی سال میں گاڑیوں کی خریداری میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ فرنیچر اور دیگر اشیا کی خریداری کے لیے بھی کفایت شعاری پالیسی اپنائی جائے گی۔
صوبے کے اخراجات میں کمی کے لیے بیرون ملک سرکاری دوروں کے بجائے ویڈیو کانفرنس میٹنگ کو فروغ دینے کی تجاویز بجٹ میں شامل ہیں۔
گزشتہ روز پنجاب حکومت نے اپنا 5 ہزار 446 ارب روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش کر دیا۔ کل آمدن کا تخمینہ 4 ہزار 643 ارب 40 کروڑ لگایا گیا جبکہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت وفاق سے تین ہزار 683 ارب 10 کروڑ حاصل ہوں گے۔