آزاد کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے مطالبات کی منظوری کے بعد شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
احتجاج ختم کرنے کے اعلان کے بعد آزاد کشمیر میں ٹرانسپورٹ جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہو گئی، مختلف اضلاع سے لانگ مارچ کے شرکاء کی اپنے اپنے علاقوں میں واپسی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
دوسری جانب جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے احتجاجی تحریک کے دوران 3 افراد کی ہلاکت کے باعث آج یوم سوگ منایا جا رہا ہے، شہر میں تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند ہیں۔
واضح رہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے گئے، بجلی فی یونٹ 3 روپے مقرر کر دی گئی، 100 سے 300 یونٹ تک 5 روپے، 300 سے زائد یونٹس پر 6 روپے فی یونٹ مقرر کر دیئے گئے ہیں۔
حکومت کی جانب سے مطالبات کی منظوری کے جاری اعلامیے کے مطابق 20 کلو آٹے کی قیمت ایک ہزار روپے ہو گی ، اس سے قبل آٹے کا ریٹ 3100 روپے من تھا جس پر 1100 روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔