0

جیل سے حکومتیں بن رہی ہیں، کوئی تو ہے جو عمران خان کو سپورٹ کررہا ہے، شرجیل میمن

وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ یہ کونسا جیل کا قیدی ہے جسے سزا ہوگئی پھر بھر پارٹی چلا رہا ہے، کوئی تو ہے جو سپورٹ کر رہا ہے۔

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو سزا نہیں ہوئی۔ ایک پاکستانی شہری کو بھارت اور اسرائیل سے کیوں فنڈنگ ہورہی تھی۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے پیچھے کوئی تو ہے جو اسے سپورٹ کر رہا ہے، اسے سپورٹ کرنے والا کوئی غیر ملکی بھی ہو سکتا ہے۔ یہ کونسا جیل کا قیدی ہے جو ٹکٹ بھی دے رہا ہے۔ کبھی کسی کو یہ سہولت ملی، جیل سے حکومتیں اور سینیٹرز بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام مزید آتا جائے گا، آج جو شخص کروڑوں روپے کما رہا ہے، وہ ٹیکس نہیں دے رہا۔ ملک میں سیاسی گہما گہمی ہمیشہ رہی ہے۔ بلاول بھٹو نے بھی کہا ہے کہ سب ساتھ مل کر بیٹھیں، پہلے سے حالات بہتر ہوں گے اور معیشت بہتر ہوگی۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال بہتر بنانے کا کہا ہے۔ صدر نے سرکاری زمینوں پر قبضے کے خلاف بھی سخت ایکشن کا حکم دیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے کہا تھا گندم کے ریٹ عالمی ریٹ کے حساب سے رکھیں گے، اس بار گندم کا مسئلہ ہے اور نگراں حکومت نے باہر سے گندم درآمد کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ہم منشیات کے خلاف جہاد کر رہے ہیں، اس جہاد میں ہمیں صحافیوں کی مدد چاہیے۔ جو لوگ منشیات کے عادی ہو رہے ہیں وہ آپ کے اور ہمارے بچے ہیں۔ کرسٹل اور آئس خودکش بمبار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply