عدت کے دوران نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواستوں پرجسٹس گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیشن کورٹ کو دس روز میں سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔
بانی تحریک انصاف نے استدعا کر رکھی تھی کہ سیشن جج محفوظ فیصلہ سنائیں، ایک اور استدعا کر رکھی تھی کہ دوسری صورت میں اپیل خود ہائی کورٹ سنے۔
اس موقع پر وکیل سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے کیرئیر میں کبھی نہیں دیکھا جج نے اس طرح کیس ٹرانسفر کیا ہو،سیشن جج نے کیس سنا تھا اب ایڈیشنل سیشن جج کو ٹرانسفر کر دیا گیا۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ایڈیشنل سیشن جج کو کیوں کیس ٹرانسفر کیا گیا، ہماری پہلی استدعا یہ ہے کہ سیشن جج شاہ رخ ارجمند کو محفوظ فیصلہ سنانے کی ہداہت کی جائے۔
دوسری استدعا یہ ہے کہ ہائیکورٹ خود اپیل سن کر فیصلہ کرے، تیسری صورت یہ ہے کہ اپیل سیشن جج ویسٹ کو ٹرانسفر کی جائے۔ دو دن میں ٹرائل ہوا اب اپیلیں بھی اسی طرح سنی جانی چاہئیں۔