0

سندھ حکومت بے بس نہیں، ڈاکو بے بس ہیں جو کچے میں چھپے ہوئے ہیں، وزیراعلیٰ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ والوں کے لیے 300 یونٹ بجلی مفت دینے کے حوالے سے جلد بڑا اعلان ہوگا، کچے کے ڈاکوؤں کو نیست و نابود کریں گے۔

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت دی ہے کہ 5 سالوں کے اندر پینے کا صاف پانی ہر گھر تک پہنچایا جائے۔ ہم صوبے میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون قائم کر رہے ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں سندھ میں آتے ہی سڑکوں کی حالت خراب ہوجاتی ہے۔عوام کو یہ نہیں معلوم کہ یہ وفاقی حکومت کی سندھ میں سڑکیں ہیں جس پر وفاقی حکومت کوئی توجہ نہیں دیتی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں 300 یونٹ بجلی مفت دینے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، اس حوالے سے جلد بڑا اعلان ہوگا۔ عوام کو چاہیے کہ بجلی کا استعمال مناسب طریقے سے کریں کیونکہ بجلی مہنگی ہے، عوام بجلی کا بل پابندی سے ادا کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں کو نیست و نابود کریں گے۔ سندھ حکومت بے بس نہیں بلکہ بے بس تو ڈاکو ہیں جو کچے میں چھپے ہوئے ہیں۔ صحافی جان محمد مہرکے قاتل ضرور گرفتار کرینگے اور کوششیں جاری ہیں۔

پیپلز پارٹی رہنما نے مزید کہا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کا اختیار وزیراعظم شہباز شریف کے پاس ہے۔ ہم متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سمیت ہر اپوزیشن پارٹی کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply