کراچی ایئر پورٹ سکیورٹی فورسز کے افسر کا بچی سے ناروا سلوک کے معاملے پر ایوی ایشن ڈویژن نے رپورٹ طلب کر لی۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ 10 مارچ کو جنا ح ائیر پورٹ پر پیش آیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کیساتھ وائرل ہو رہی ہے، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایوی ایشن ڈویژن نے نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی رپورٹ طلب کر لی۔
ذرائع کے مطابق واقعہ انٹر نیشنل آرائیول پر پیش آیا جہاں بیرون ملک سے آنیوالے باپ کو ملنے کیلئے بھاگ کر آگے جانے والی بچی کو اے ایس ایف افسر نے بالوں سے پکڑ کر پیچھے کی طرف دھکیل دیا تھا وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکی اور گر گئی تھی۔
اے ایس ایف کی جانب سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کو پرانی قرار دیا گیا تھا تا ہم ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے نوٹس پر اے ایس ایف افسر اور دو اہلکاروں کے خلاف تحقیقات مکمل کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق بچی کے ساتھ ناروا سلوک کرنے والے افسر کو سخت ترین سزا کوٹ مارشل کئے جانے کا امکان ہے۔