نیب عدالت کراچی میں منیجنگ ڈائریکٹر پی ایس او کی غیرقانونی تقرری کے ریفرنس کی سماعت ہوئی ،عدالت نے نیب حکام کی پی ایس او میں غیر قانی بھرتیوں کا ریفرنس واپس لینے کی درخواست منظور کر لی۔
عدالت نے ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس بھیجنے کا حکم بھی دے دیا۔ شاہد خاقان عباسی کے علاوہ بری ہونے والوں میں سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق، سابق سیکرٹری پٹرولیم ارشد مرزا اور سابق ایم ڈی پی ایس او یعقوب ستار بھی شامل ہیں.
بعد ازاں احتساب عدالت کراچی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب کو ختم کریں ورنہ ملک نہیں چلے گا، عدلیہ کا نظام درست کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کرپشن کا نہیں صرف مس یوز اتھارٹی کا کیس تھا، جج صاحب نے فیصلے میں لکھا یہ کیس غلط ہے، 4 سال 2 ماہ بعد نیب نے کہا یہ ریفرنس واپس لیتے ہیں، نیب صرف ایک گواہ لے کر آیا۔
انہوں نے کہا کہ جو سیاسی جماعت آئین پر چلے گی ہم اس کے ساتھ ہیں، ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں۔









