مالی سال 25-2024 ٹیکس تجاویز میں 850 سی سی سے 1000سی سی گاڑیوں پر چالیس ہزار روپیہ ٹیکس لگانے جبکہ ہزار سے 1300سی سی تک گاڑیوں پر 67ہزار پانچ سو روپے لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 1300سے 1800 سی سی گاڑیوں پر ایک لاکھ 20ہزار روپے، 18000سے 2000سی سی گاڑیوں پر4 لاکھ 50 ہزار ٹیکس لگانے کی تجویز دی گئی ۔
اس کے علاوہ 2000سے 2500 سی سی گاڑیوں پر 8 لاکھ 75 ہزار روپے اور 2500سے 3000 سی سی گاڑیوں پر 13 لاکھ 50 ہزار روپے ٹیکس لگانے کی تجویز دی گئی ہے ۔
دوسری جانب فائلر اور نان فائلر کیلئے پانچ کروڑ روپے کی جائیداد خریدنے پر کیپٹل ویلیو کی مد میں ٹیکس کی شرح نافذ ہونے کا امکان ہے۔
مالی سال 25-2024 ٹیکس تجاویز میں جائیداد خریدنے پر ایڈوانس تین سلیب میں کیپٹل ویلیو ٹیکس لینے کی تجویز بھی شامل کی گئی ہے، فائلر کو پانچ کروڑ کی جائیداد خریدنے پر تین فیصد ،نان فائلر کیلئے ٹیکس کی شرح 6 فیصد ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچ سے دس کروڑ کی جائیداد پر چار فیصد ٹیکس نافذ کرنے کا امکان ہے جبکہ نان فائلر کی ٹیکس کی شرح 12 فیصد طے کرنے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے ، دوسری جانب دس کروڑ سے زائد کی جائیداد پر پانچ فیصد ٹیکس لگنے اور نان فائلر کے لئے ٹیکس کی شرح 15 فیصد نافذ ہو سکتی ہے۔