آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے فلوریڈا میں شیڈول بقیہ میچز بارش کی نذر ہونے کا خدشہ ہے جس سے قومی ٹیم کی اگر مگر کی امیدیں ختم دکھائی دے رہی ہیں۔
‘کرک انفو’ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاڈرہل میں آئندہ چند روز مکمل بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ لاڈرہل کے میچز میں بارشوں سے پاکستان ٹیم کا اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا بھی ناممکن ہوجائے گا۔
پاکستان ٹیم کو میگا ایونٹ میں رہنے کے لیے نہ صرف اپنا آخری گروپ میچ آئرلینڈ کے خلاف جیتنا ہوگا بلکہ آئرلینڈ کے خلاف امریکا کی شکست پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔
گروپ اے کے پوائنٹس ٹیبل کی بات جائے تو بھارت اس وقت 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ امریکا کا 4 ہی پوائنٹس کے ساتھ دوسرا اور پاکستان کا 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔
امریکا آئرلینڈ میچ واش آؤٹ ہونے کی صورت میں امریکی ٹیم باآسانی سُپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔ اسی طرح پاکستان آئرلینڈ میچ بھی واش آؤٹ ہوا تو قومی ٹیم کا سفر یہیں اختتام ہوجائے گا۔