0

12 مئی جیسا المناک دن آنے والی نسلوں کیلئے سبق ہے، بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 12 مئی ایک المناک دن ہے، ایسے سانحات سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔

بلاول ہاؤس سے 12 مئی 2007 کو کراچی میں پیش آنے والے واقعات سے متعلق بیان جاری کیا گیا۔ پیغام میں کہا گیا کہ 12 مئی ہمیں کشیدگی اور تشدد کی سیاست کے برے نتائج کی جانب توجہ مبذول کرواتا ہے۔

بلاول بھٹو کا پیغام میں کہنا تھا کہ 12 مئی کے پُرتشدد واقعات میں شہید یا متاثر ہونے والے تمام جیالوں اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان سیاسی کارکنان کی جمہوریت سے غیر متزلزل وابستگی اور جمہوریت مضبوط بنانے کے لیے ان کی انتھک کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ 12 مئی جیسے ماضی کے سانحات سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔ تاریخ اس طرح کے کاموں میں ملوث کرداروں کا باقاعدہ محاسبہ کرتی ہے جس میں آنے والی نسلوں کے لیے ایک سبق ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ سانحہ 12 مئی 2007 کراچی میں سیاسی تشدد کی تاریخ کا ایک بدترین واقعہ ہے۔ اس دن کراچی کی سڑکوں پر تقریباً 34 افراد ہلاک اور 140 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ املاک کو نقصان پہنچا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply