زیتون کا پھل نہ صرف صحت کو برقرار رکھتا ہے بلکہ کا اس کا ذائقہ بھی نہایت خوشگوار ہوتا ہے اور اگر اس کا تیل استعمال کیا جائے تو اس کے بھی بہت سے طبی فوائد ہیں۔
اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان رمضان میں ہربلسٹ سید غالب آغا نے زیتون اور اس کے تیل کے فوائد پر تفصیلی گفتگو کی اور مختلف نسخے بھی بیان کیے۔
انہوں نے کہا کہ زیتون کے درخت کی ہر چیز جس میں اس کے پتے پھل پھول یا اس کی لکڑی ہو سب کارآمد ہے، اس کے 8 یا دس پتوں کو پانی میں ابال کر قہوے کی طرح پیا جائے تو ٹائپ ٹو ذیابیطس کیلئے بے حد مفید ہے۔
اس کے علاوہ یہ کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے اور امراض قلب کے مریضوں کیلیے بھی فائدہ مند ہے۔
سید غالب آغا نے بتایا کہ اگر 5 یا 6 پتوں کے ساتھ ایک ٹکڑا دار چینی کا ملائیں اور اسے ابال کر پینے سے وائرل انفیکشن نہیں ہوگا، بڑوں کے ساتھ بچوں کو بھی لازمی پلانا چاہیے۔
ماہرین طب کے مطابق ایک چمچ زیتون کے تیل میں ایک سو انیس کیلوریز، چودہ گرام فیٹ، دو گرام وٹامن ای اور آٹھ مائیکرو گرام وٹامن کے پایا جاتا ہے، زیتون کے تیل میں پوٹاشیم بھی پائی جاتی ہے جو صحت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہوتی ہے۔