این اے 171 رحیم یارخان 3 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کل 12 ستمبر کو ہوگی، حلقہ این اے 171 رحیم یارخان 3 میں ضمنی الیکشن میں 7 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے مخدوم طاہر رشیدالدین اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حسان مصطفی ایڈووکیٹ کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ میں کل 5 لاکھ 26 ہزار 9 سو 73 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 88 ہزار 113 اور خواتین ووٹرز 2 لاکھ 38 ہزار 860 ہیں۔
پی ٹی آئی کے رکن ممتاز مصطفی ایڈووکیٹ کے انتقال پر یہ نشست خالی ہوئی تھی۔ دوسری جانب این اے 171 میں پرامن ضمنی انتخابات کے انعقاد کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پابندی کا اطلاق بدھ 11 ستمبر سے جمعہ 13 ستمبر تک ہوگا، دفعہ 144 کے دوران ہر قسم کے اسلحے کی نمائش، فائرنگ اور الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر پابندی ہوگی، نوٹیفکیشن کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ کوئی شخص لائسنس یافتہ اسلحہ بھی نہیں رکھ سکتا۔