بیلاروس کے مالی تعاون کے فنڈ برائے کاروبار اور سمیڈا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے اس کے علاوہ بیلاروس کی داخلی امور کی وزارت اور وزارتِ داخلہ پاکستان اور دونوں ملکوں کی وزارتِ دفاع کے درمیان فوجی تعاون کے معاہدے ہوئے۔
دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون 2025ء سے 2027ء کا روڈ میپ بھی پیش کیا گیا۔پاکستان اور بیلاروس کے درمیان ماحولیاتی تحفظ کی مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے لیے روڈ میپ بھی دیا گیا۔
علاوہ ازیں بیلاروس کے ایوانِ صنعت و تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے درمیان تعاون کا معاہدہ ہوا ہے۔
معاہدوں پر دستخط کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے بیلاروس کے صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بیلاروس کے صدر کے دورہ پاکستان نے دوستی کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا، دو طرفہ تعلقات سے متعلق ہماری مفید بات چیت ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، بیلاروس کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کےمواقع اور سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کو زرعی اور صنعتی شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے، بیلاروس میں مقیم پاکستانی اس کی تعمیر اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر بیلا روس کے صدر الیگزینڈر کلاشینکو نے کہا کہ بیلاروس پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، شہباز شریف کے دورے سے دو طرفہ تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس بزنس فورم کا انعقاد تجارت کے فروغ کے لیے اہم ہے، دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے مواقع سے حقیقی معنوں میں استفادہ کرنا ہے۔









