0

اسلام آباد کے ہفتہ وار بازار میں پراسرار آتشزدگی، لاکھوں مالیت کا سامان جل گیا

پشاور موڑ ایچ نائن کے ہفتہ وار بازار میں پراسرار آتشزدگی سے پورا علاقہ دھوئیں کی لپیٹ میں آ گیا۔

اسلام آباد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں ناکام ہوگئیں، جس پر راولپنڈی ریسکیو 1122 سے بھی امداد لی گئی، پاک نیوی، ائیر فورس اور راولپنڈی انتظامیہ سے بھی معاونت لی گئی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ گارمنٹس سیکشن میں لگی،آگ نے کراکری اور برتنوں والے سیکشن کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ آگ 11 بج کر 7 منٹ پر لگی۔

ایچ نائن ہفتہ وار بازار کے باہر آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر اسلام آباد نے میڈیا سے بات چیت کی اور کہا کہ موقع پر موجود فائیر بریگیڈ نے فوری کام کا آغاز کر دیا تھا، بارش کی وجہ سے ہماری ٹیم پہلے سے ہی فیلڈ میں موجود تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ 31 فائیر بریگیڈ گاڑیوں نے کارروائی میں حصہ لیا، 250 تک ریسکیو اہلکار اس وقت امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، چیف کمشنر کا کہنا تھا کہ آئی جی صاحب کو کہہ کر علاقے کو سیل کروا دیا ہے، آتشزدگی سے جس جس کا نقصان ہوا اس کا ازالہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وجوہات کا پتہ کرنے کے لیے ڈی سی اور پولیس حکام کی مشترکہ کمیٹی بنائیں گے، سات دن کے اندر کمیٹی آگ لگنے کی وجوہات کی رپورٹ پیش کرے گی، چیف کمشنر کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے،کولنگ کاعمل جاری ہے۔

آتشزدگی سے سینکڑوں دکانیں جل کر راکھ ہوگئیں جس سے دکانوں اور سٹالوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا۔ اس موقع پر سٹال ہولڈرز بھی اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے میں مصروف رہے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصے کے بعد اس بازار میں پراسرار طور پر آگ لگ جاتی ہے جس کی وجہ سے سٹال ہولڈرز کا لاکھوں کا سامان آگ کے شعلوں کی نذر ہوجاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply