وفاقی بجٹ کے موقع پر آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس آج پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دے گی۔
ملک بھر سے ہزاروں ملازمین اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے جمع ہوں گے، رہنما اگیگا رحمان علی باجوہ نے کہا کہ سرکاری ملازمین اپنے حقوق کے لیے پرعزم ہیں اور ہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگیگا پاکستان کے ساتھ کئے گئے معاہدے پر مکمل عمل کیا جائے، تنخواہوں میں تفریق ختم کی جائے اور 30 فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس دیا جائے، رحمان علی باجوہ نے پنشن اصلاحات کو ملازمین کا معاشی قتل قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ بوڑھے پنشنرز کو باعزت زندگی کا حق دیا جائے، آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کی جانب سے میڈیکل، کنوینس اور ہاؤس الاؤنس میں سو فیصد اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے، اگیگا کی جانب سے اساتذہ کی تنخواہوں میں ٹیکس ریبیٹ کی بحالی کے احکامات جاری کرنے پر بھی زور دیا گیا۔









