وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترسیلات زر میں اضافے سے معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ دسمبر تک 3.1 بلین ڈالر ترسیلات زر وصول ہوئیں اور ترسیلات زرمیں 29.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی میں اوورسیزپاکستانیوں کا اہم کردار ہے، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہمارے بیرون ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے آہنی عزم کی سند ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے راہ پر گامزن ہو چکا ہے،حکومت پاکستان ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پُر عزم ہے۔