ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اگر عدالت بانی پی ٹی آئی کو ضمانت پر رہا کرے تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہو گا ، 11 جون کو بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی خبر پہلی بار سن رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے واضح کیا کہ پانی روکنا اعلان جنگ ہو گا ، پاکستان بھارت کیساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل پر مذاکرات چاہتا ہے ، تمام مسائل کا حل کشمیر سے ہو کر نکلتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل کی بات کی ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے ، پاکستان کا پہلگام واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ، بھارت نے پہلگام واقعہ کی تحقیقات کی پیشکش کو ٹھکرایا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کیا ، سندھ طاس معاہدے کی معطلی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ، پانی ہماری ناگزیر ضرورت ہے ، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا ہے ، بھارت مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن پھیلا رہا ہے ، ڈونلڈ ٹرمپ کا جنگ بندی کے حوالے سے کردار لائق تحسین ہے۔









