0

عمران خان کی طرح لیڈ کریں، بغیر کسی خوف کے ڈٹ کر کھیلیں، علی ظفر کا بابر کو پیغام

پاکستانی گلوکار، اداکار اور پروڈیوسر علی ظفر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم آپ سے امید کرتی ہے کہ آپ عمران خان کی طرح ٹیم کو لیڈ کریں اور بغیر کسی خوف کے ڈٹ کر کھیلیں۔

سوشل میڈیا پر بھارت کے خلاف میچ سے قبل انہوں نے کپتان بابر اعظم کے نام پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچ میں ہار جیت ہونا اپنی جگہ ہے لیکن امریکا کے خلاف میچ کے سُپر اوور میں بابر خود بیٹنگ کرنے نہیں آئے، یہ بات کچھ سمجھ نہیں آئی۔

علی ظفر نے بابر اعظم کو سابق کپتان عمران خان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک میچ کے دوران آسٹریلیا کو آخری اوور میں پاکستان کے خلاف میچ جیتنے کے لیے صرف 4 رنز درکار تھے۔ اس مشکل وقت میں عمران خان خود باؤلنگ کرنے کے لیے میدان میں آئے تھے۔

گلوکار نے کہا کہ عمران خان کے اس اوور کو اگر دیکھا جائے تو واضح نظر آئے گا کہ سابق کپتان نے اس اوور کی ایک ایک بال کو بہت ہی سمجھداری سے کروایا اور پاکستان کے لیے وہ میچ جیتا۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی پاک بھارت میچ ہوتا ہے تو دونوں ممالک کے شائقین میں ایک خاص قسم کا جوش ہوتا ہے اور تھوڑی پریشانی بھی ہوتی ہے۔ اسی لیے میں نے سوچا کہ میں اپنی ٹیم اور بابر اعظم کو ایک مفید مشورہ دے دوں شاید اس کا کچھ مثبت اثر ہو۔

اداکار کا مزید کہنا تھا کہ ایک اور بات جو میں اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو کہنا چاہوں گا وہ یہ ہے کہ اگر کسی کھلاڑی کو انگریزی نہیں بولنی آتی تو اس میں شرمندہ ہونے کی کوئی بات نہیں، اسے اپنی قومی زبان اردو میں فخر سے بات کرنی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply