سنگجانی کے مقام پر کنٹینر رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلیے بند کر دیا گیا ، ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر سکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی ہے، امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔
ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز کی مدد سے بند کیا گیا ہے، ریڈ زون میں داخلے کے لیے متعلقہ افراد کو مارگلہ روڈ کے راستے سے جانے کی اجازت ہو گی۔
موٹر وے 26 نمبر چونگی پر داخلی راستے بند کر دیئے گئے ہیں، اس کے علاوہ ایکسپریس وے کھنہ پل اور مری روڈ کو فیض آباد کے مقام پر کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے، روات ٹی چوک سے راولپنڈی آنے والے راستے بھی بند ہیں۔
علاوہ ازیں خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بارڈر اٹک خورد پولیس چیک پوسٹ پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں ، راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، خصوصاً صبح دفاتر جانے والے شہری خوار ہوتے رہے۔