نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے ناراضی نہیں، بات سوچ کی ہے۔ نواز شریف کا 35 سال سے ساتھی ہوں، نواز شریف سے کہہ دیا تھا کہ اس سوچ کے ساتھ چلنا ممکن نہیں ہوگا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مجھ پر تنقید کا کوئی حق رکھتا ہے تو وہ نواز شریف ہیں، ایک سال پہلے انہیں بتا دیا تھا کہ الیکشن نہیں لڑ پاؤں گا۔ ہر الیکشن چوری ہوا، ہم بھی خرابی کا حصہ بن گئے تو مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ تینوں جماعتیں اقتدار میں رہ چکیں، ڈیلیور نہیں کرسکیں، بہتر سوچ کے ساتھ آنے والی جماعت ملک کے لیے کچھ کرسکتی ہے۔ ہم نئے لوگ نہیں، ہم اپنی بات، اصول پر قائم رہنے والے لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، ایسے امیدوار ہوں گے جنہیں لوگ قبول کرسکیں۔ 8 فروری کے الیکشن نے واضح کردیا کہ سوچ زیادہ حاوی ہوگئی ہے۔









