0

ایک ہزار طلبا کو تربیت کیلئے چین کی یونیورسٹی بھیجا جائے گا، وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک ہزار طلبا کو تربیت کیلئے چین کی یونیورسٹی بھیجا جائے گا، پاکستانی طلبا دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات میں پل کاکردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم نے شی آن میں یانگلنگ ایگریکلچر ٹیکنالوجی اینڈ ڈیمانسٹریشن بیس کا دورہ کیا جہاں وزیراعظم شہبازشریف کو ادارے کے بارے میں بریفنگ دی گئی، وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ یائی ٹیک ڈیمانسٹریشن زون 2019میں صدر شی جن پنگ کی ہدایت پر قائم ہوا تھا۔

وزیراعظم ڈیمانسٹریشن زون میں پاکستانی زرعی مصنوعات کے اسٹال پر بھی گئے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ  یانگلنگ کی زرعی یونیورسٹی میں 142طلبا زیرتعلیم ہیں جبکہ یونیورسٹی سے120طلبا فارغ التحصیل ہوچکے ہیں۔

وزیراعطم نے مصنوعی روشنی کے ذریعے سبزیوں کی کاشت کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا اور یانگلنگ ایگریکلچر ہائی ٹیک انڈسٹریل اینڈ ڈیمانسٹریشن بیس کے معیار کوسراہا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نارتھ ویسٹ ایگریکلچرل اینڈ فارسٹری یونیورسٹی کاکیمپس پاکستان میں قائم کیا جائے گا، ایک ہزار طلبا کو تربیت کیلئے چین کی یونیورسٹی بھیجیں گے، پاکستانی طلبا دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات میں پل کاکردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری خرچ پرپاکستانی طلبا اورطالبات یانگلنگ ایگریکلچرل ڈیمانسٹریشن بیس جائیں گے، وزیراعظم نے چین میں پاکستانی سفیر کو چینی حکام سے منصوبے کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے ادارے کے تجربات سے استفادہ کریں گے، حکومت فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے زراعت میں جدت کیلئے کوشاں ہے، زرعی مصنوعات اور پراسیسنگ سے ملکی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

قبل ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخی و ثقافتی ورثہ سے مالامال ہے،پاکستان میں تاریخی و ثقافتہ مقامات کی بحالی کے بعد انہیں سیاحتی مقامات میں تبدیل کریں گے ،چینی حکومت کی تاریخی ورثہ کی حفاظت اور بحالی قابل تقلید ہے،چین نے اپنی محنت سے دنیا کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کو ٹیراکوٹا وارئیر میوزیم کے دورہ کے موقع پر کیا، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے دورہءِ چین کے موقع پر شی آن میں پاکستانی وفد کے ہمراہ چین کے تاریخی ورثہ ٹیراکوٹا وارئیر میوزیم کا دورہ کیا۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق گزشتہ روز چینی صدر عزت مآب شی جن پنگ نے وزیرِ اعظم کو اپنے آبائی شہر شی-آن میں ٹیرا کوٹا وارئیرز میوزیم کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی ۔

دورہ کے دوران وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کو تاریخی ورثہ جات کے تحفظ و بحالی اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے میوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور قدیم چینی تاریخی ورثے کی خوبصورتی اور چینی ہنر کی تعریف کی اور کہا کہ عظیم قومیں چین کی طرح اپنے تاریخی ورثے کی حفاظت کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسو برس قبل مسیح کے چینی کاریگروں کا ہنر قابل تعریف ہے،چینی حکومت کی اس تاریخی ورثے کی حفاظت اور بحالی قابل تقلید ہے،چین نے اپنی محنت سے دنیا کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کی اس میوزیم کے دورے کی دعوت پربے حد مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تاریخی و ثقافتی ورثہ سے مالامال ہے،پاکستان میں بھی ایسی تاریخی جگہوں کی بحالی کے بعد انہیں سیاحتی مقامات میں تبدیل کریں گے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ٹیراکوٹا وارئیر میوزیم کے دورہ کے موقع پر وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری اور رانا تنویر حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply