راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل چوہدری احمد شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے مختلف مقامات پر 12 ڈرون بھیجے جنہیں پاکستان نے ناکارہ بنا دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اور بھارت نے ایک بار پھر دراندازی کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ملک کے مختلف مقامات پر 12 ڈرونز بھیجے جنہیں پاکستان نے گرا دیا ہے۔ بھارت کی طرف سے ڈرون بھیجنا کھلی جارحیت ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، بہاولپور، چھور اور کراچی کے قریب ڈرون حملے کیے گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ لاہور کی طرف آنے والے ڈرون میں 4 فوجی جوان زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ سندھ کے علاقے گھوٹکی میں ایک شہری شہید اور ایک زخمی ہوا۔ چھور میں بھی ڈرون کو ناکارہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان پوری طرح چوکس ہیں۔ اور بھارت کی جانب سے انتہائی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ رات ہندوستان نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔









