پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں۔ سیاست میں کوئی چیز لفظی طور پر نہیں لی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ اگر ہمیں انصاف نہیں ملتا تو متبادل کے طور پر پرامن احتجاج کو وسیع کریں۔ ہم اس پر کام شروع کر رہے ہیں۔
رؤف حسن نے سینیٹر فیصل واوڈا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں کون سینیٹر نہیں بن سکتا۔ جو جھوٹا اور چور ہو وہ بن جاتا ہے جبکہ اس کے اسپانسر کرنے والے بہت بیٹھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں جمہوریت نہیں ہے۔ آج جو حکومت ہے وہ کس کی بیساکھیوں پر کھڑی ہے؟ یہ عوام کی بیساکھی ہے یا اسٹبلشمنٹ کی سپورٹ کی بیساکھی ہے؟ اس نام نہاد حکومت میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ اس ملک میں دو طاقتیں ہیں۔ ایک وہ طاقت جو وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ ہاؤس میں بیٹھی ہے اور اسے ہم دیکھ سکتے ہیں لیکن ان کے پاس کوئی طاقت نہیں بلکہ یہ مہرے ہیں۔ دوسری طاقت وہ ہے جو ہمیں نظر نہیں آرہی لیکن اصل طاقت وہ ہے اور وہی اس ملک کو چلا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں ایک حقیقی مارشل لا ہے اور اس مارشل لا کے پیچھے جو طاقت ہے اسی نے ہر فیصلہ کرنا ہے۔