0

بڑی پوسٹ پر چھوٹا بندہ ہوگا تو نفرتیں جنم لینگی، وزیراعلیٰ آئین پڑھیں، گورنر کے پی

گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاق سے تنازع رہا تو خیبر پختونخوا کے لوگ 5 سال پیچھے رہیں گے، چھوٹے شخص کو بڑے عہدے پر بٹھا دیں تو پھر ایسا ہی ہوتا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے حالات سب کے سامنے ہیں، یہاں میں امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں۔ صوبے اور وفاق کے درمیان پُل کا کردار ادا کروں گا، دوری سے عوام پریشان ہوں گے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ہم نے خیبرپختونخوا کا مقدمہ لڑنا ہے، جب نفرت ہوگی تو صوبہ اور ملک ترقی نہیں کرے گا۔ میں خیبر پختونخوا کی عوام کا وکیل بن کر بات کروں گا، صوبے کے پیسے لینے کا بھی ایک فورم ہے جہاں مقدمہ لڑیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پر تنقید کرتے ہوئے گورنر کے پی نے کہا کہ وہ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے متنازع بیانات نہ دیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اسلام آباد پر چڑھائی کریں گے تو قانون اپنا راستہ لے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب بڑی پوسٹ پر ایک چھوٹا بندہ ہوگا تو نفرتیں جنم لیں گی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا آئین کا مطالعہ کریں۔ ہم کبھی حالات خراب کرنے کے بجائے بہتر کریں گے، خیبر پختونخوا میں ایک بھی اجلاس نہیں ہوا۔

گورنر کے پی نے مزید کہا کہ 9 مئی قریب آتے ہی پاکستان تحریک اںصاف ( پی ٹی آئی) نے وہی بیانات شروع کردیے۔ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو ریلیف نہیں ملنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply