0

سیاسی نقطہ نظر میں اختلاف کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں، آرمی چیف

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ معاشرتی و سماجی معاملات میں اخوت، ہم آہنگی، برداشت اور بردباری کا مظاہرہ کریں، مذہبی عدم برداشت سے بالا تر رہ کر آئین پاکستان کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کریں، سیاسی نقطہ نظر میں اختلاف کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں۔

راولپنڈی جی ایچ کیو میں یوم دفاع و شہداء کی مرکزی تقریب سے خطاب میں انہوں نے  اپنی بات کے آغاز پر وزیراعظم پاکستان، آزاد کشمیر، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور شہدا کے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہوئے وطن عزیز کی خاطر شہادت قبول کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم نے آزمائش میں پاک فوج کے ساتھ ملکر طاغوتی قوتوں کا ڈٹ کا مقابلہ کیا، ہماری قوم آزادی کی قیمت کو نبھانا اچھی طرح سے جانتی ہے، 1947 کے بعد سے اب تک کئی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، اس دہشت گردی کی جنگ میں بالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام نے بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں۔

اس موقع پر آرمی چیف نے قرآن مجید کی آیت کا حوالہ دیا جس میں شہدا کو مردہ نہ کہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک جّر ی اور بہادر قوم ہے، دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ میں قربانیوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے جو دہشتگردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا، انشاء اللہ۔

انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، پاکستان کی غیور عوام بلخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بہادر لوگوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ آرمی چیف نے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے سورۃ آلِ عمران کی آیت 169کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ”اور جو لوگ اللہ کی راہ میں شہید کیے گئے، ہر گز انہیں مردہ نہ سمجھو، وہ زندہ ہیں، اپنے رب کے پاس رزق پاتے ہیں“۔

اُن کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف متحد آواز، پیغامِ پاکستان، مغربی سرحدوں کا باضابطہ انتظام، قبائلی علاقہ جا ت کی صوبہ میں شمولیت، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں معاشی و سماجی ترقی کے اقدامات اہم کامیابیاں ہیں، یہ کامیابیاں ریاستِ پاکستان کے عزم اور شہداء اور غازیوں کی قربانی کا ثمر ہیں۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور عوام کا رشتہ، دل کا رشتہ ہے جو پاکستان کے دشمنوں کی شکست کا ضامن ہے، عزمِ استحکام، نیشنل ایکشن پلان کی کڑی ہے، قوم میں انتشار، بے یقینی اور مایوسی پھیلانے والے تمام عوامل کو ہم اپنی ذہنی ہم آہنگی کے ساتھ متحد ہو کر شکست دیں گے، قومی یکجہتی کو کمزور کرنے کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی شہہ پر فساد فی الارض برپا کرنے والوں، ان کی معاونت، جرائم کا جواز اور دفاع پیش کرنے والوں پر آئندہ بھی زمین تنگ رہے گی، فتنہ برپا کرنے والوں کے متعلق خدائے لم یزل کا ارشاد یاد رکھیں کہ ”الفتنہ اکبر من القتل“،

انہوں نے کہا کہ ’دہشت گردوں کی حالیہ سرگرمیاں پاکستان کو ناکام بنانے کی سازش ہے مگر ماضی میں بھی قوم اور فوج نے باہمی اتحاد سے شکست دی، غیر ملکی شہے پر فساد برپا کرنے والے، معاونت کرنے والوں پر آئندہ بھی زمین تنگ رہے گی۔‘

آرمی چیف نے کہا کہ قوم کی اجتماعی دانش، نیشنل ایکشن پلان اور قرآن کی تعلیمات سے رہنمائی لیتے ہوئے اس فتنے کیخلاف خاتمے تک کارروائی کریں گے، بیرونی طاقتوں کو باور کرواتا ہوں کہ عوام اور پاک فوج تمھارے عزائم و منصوبوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، عوام پاک فوج کے شابشانہ ہے اور اس کا ملکر دفاع کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام عالم میں پاکستانیت ہی وہ واحد شناخت ہے جو ہمیں ایک قومیت کا درجہ دیتی ہے، جس میں مختلف روایات کے لوگ پروئے ہوئے ہیں، ہمیں اخوت، برداشت اوربرباری کا مظاہرہ کرنا ہوگا جبکہ قومی یکجہتی کے لیے لازم ہے کہ ہم مذہبی عدم برداشت سے بالاتر ہوکر آئین کے مطابق اقلیتوں کا تحفظ کریں اور سیاسی اختلافات کو نفرتوں میں نہ ڈھلنے دیں، قائد کے رہنما اُصول، ایمان، اتحا د اور تنظیم ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جغرافیائی اہمیت کے علاوہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے، ہمارا اصل آثاثہ عوام، بالخصوص ہماری نوجوان نسل ہے، نوجوان نسل کا ملکی سالمیت و ترقی میں کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ناجائز زیرِ قبضہ جموں و کشمیر نہ صرف ملکی، بلکہ خطے اور عالمی سطح کا مسئلہ ہے۔ آرمی چیف نے کشمیری عوام کی جدوجہد ِ آزادی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل میں ہے، پاکستان قوم مقبوضہ کشمیر کے شُہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کا تنازع دُنیا کے لئے انتہائی قابلِ فِکر سوالیہ نشان ہے، اسرائیلی جارحیت و بربریت اور فلسطینیوں کا استحصال انسانیت اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، سفارتی سطح پر پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینیوں پر بربریت کی روک تھام کے لئے سرگرم ِ عمل رہے گا۔

آرمی چیف پاک فوج، پولیس، لیویز سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، شہید ہماری پہچان ہیں، شہدا کے لواحقین ہمارا مان ہیں، پاکستانی قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔

آرمی چیف نے افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جنگ میں زخمی ہونے والے افراد اور غازیوں کو بھی سراہا، جنہوں نے ملک دشمنوں کے خلاف آہنی ڈھال بن کر ملکی سلامتی کو یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کی بدولت، ملک کا دفاع ہمیشہ ناقابلِ تسخیر رہے گا۔ وزیر اعظم پاکستان، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر ، وفاقی اور صوبائی وزراء اور تمام مہمانانِ گرامی کا مشکور ہوں جنہوں نے اس پروقار تقریب میں شرکت کر کے ہماری بہادر افواج کے افسروں، جوانوں، غازیوں اور شُہدا کے لواحقین کے حوصلے بڑھائے۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply